حضرت مولانا محمد الیاس صاحب

والد کا نام: حاجی عبد الرحمن

آبائی گاؤں : نگلی وال ضلع الور میوات

ولادت : ۱۹۵۴ء

آپ نے تعلیم کی ابتداء مدرسہ اشرف الامداد کامینڈہ سے کی ، یہاں مختصر المعانی ( عربی پنجم) تک رہے، اس کے بعد دار العلوم دیوبند کا رخ کیا ، داخلہ کی منظوری بھی مل گئی تھی مگر گھریلو اعذار کی وجہ سے علاقہ کے مرکزی اور بڑے ادارہ جامعہ معین الاسلام نوح میں تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ، یہاں آپ نے پہلے سال درجہ مشکوٰۃ کی کتابیں پڑھیں جبکہ دوسرے سال دورۂ حدیث شریف پڑھ کر ۱۹۷۱ میں فراغت حاصل کی ۔

فراغت کے بعد قصبہ جھمراوٹ میں امام کی حیثیت سے تشریف لے آئے ، یہاں آپ نے امامت کے ساتھ دعوت و تبلیغ اور مکتب میں بچوں کے تعلیم کا مضبوط سلسلہ شروع فرمایا، اٹھارہ سال مسلسل خدمات انجام دینے کے بعد اہل بستی کے شدید اصرار پر دسمبر ۱۹۹۱ء میں مدرسہ معدن العلوم جھمراوٹ کی بنیاد رکھ دی، آپ کے خلوص کی برکت سے یہ ادارہ روز اول سے ہی تعلیمی و تربیتی ترقیات سے ہمکنار ہوتا رہا ، باصلاحیت اساتذہ ہمیشہ آپ کی نگرانی میں یہاں تدریسی و تعلیمی کارکردگی اور اس کے معیار کو بلند کرتے رہے۔ آپ اپنی خدمات کی بدولت خطہ میوات کی سرکردہ شخصیات میں شمار ہوتے ہیں، اعزاز کی بات ہے کہ چند سال قبل آپ کو امارت شرعیہ ہریانہ، پنجاب ، ہماچل ، چندی گڑھ کا امیر شریعت بنایا گیا ، صوبائی محکمہ شرعیہ نوح کے آپ عرصہ دراز سے رکن کی حیثیت سے کام کرتے آ رہے ہیں، امیر شریعت بننے کے بعد آپ کی خدمات میوات کی سرحدوں سے نکل کر دیگر علاقوں تک پہنچ چکی ہیں۔ آپ صالح فکر کے حامل، صاحب زہد و قناعت بزرگ انسان ہیں، آپ کا مدرسے کے اساتذہ کے ساتھ جو کریمانہ و خیر خواہانہ برتاؤ ہے اس دور میں اس کی مثال نہیں ملتی اور اس ادارے کی ترقی کی یہ بہت بڑی وجہ ہے ، اللہ تعالی آپ کو سلامت رکھے آمین ۔

شکریہ

Scroll to Top